سانگھڑ: فصلوں میں گھسنے والی گائے کی ٹانگ پر گولی مار دی گئی

سانگھڑ: فصلوں میں گھسنے والی گائے کی ٹانگ پر گولی مار دی گئی Sanghar cow

سندھ کے شہر سانگھڑ میں بے زبان جانور پر ظلم کا ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آگیا جہاں گائے کی ٹانگ پر گولی مار دی گئی۔

گائے کے مالک محرم شر نے الزام عائد کیا کہ غلطی سے فصلوں میں گھسنے پر میری گائے کی ٹانگ پر گولی مار دی گئی، گزشتہ روز سے غائب گائے منگلی تھانے کی حدود میں زخمی حالت میں ملی۔

محرم شر کے مطابق نامعلوم افراد نے اس کو فائرنگ کر کے زخمی کیا ہے۔

دوسری جانب، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ نے بے زبان جانور کو گولی مارنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا جس کے بعد ڈی ایس پی، ایس ایچ او دیگر پولیس عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔

پولیس نے شک کی بنیاد پر دو افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی۔

وٹنری ڈاکٹر نے بتایا کہ گولی لگنے سے گائے کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔

یاد رہے کہ عیدالاضحیٰ سے چند روز قبل سانگھڑ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں سفاک ملزم نے اپنے کھیت میں گھسنے پر معصوم اونٹنی کی ٹانگ کاٹ کر الگ کر دی تھی۔

واقعے کے خلاف شہریوں میں غم و غصہ پایا گیا اور اس میں ملوث ملزم کی ٹانگ کاٹنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ واقعے کے بعد اونٹنی کو کراچی منتقل کیا گیا تھا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کے جرم میں 6 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا جن کی 9 جولائی کو ایڈیشنل سیشن جج ون کی عدالت نے ضمانتیں منظور کیں اور ملزمان کو دو، دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے پر رہائی ملی تھی۔

ضمانت پانے والے ملزمان میں دریا خان شر، جعفر جٹ، عابد شر، عبدالشکور شر، گل بیگ لاشاری اور رستم شر شامل ہیں۔