ثانیہ مرزا کی ریٹائرمنٹ پر شعیب ملک کا بیان آگیا

قومی کرکٹر شعیب ملک نے اہلیہ و بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی ریٹائرمنٹ پر ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شعیب ملک کی اہلیہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اپنے کیریئر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں تھیں۔

ثانیہ مرزا اور روہن بوپنا کی جوڑی کو آسٹریلین اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا بھارتی جوڑی کو فائنل میں برازیلین جوڑی سے7-6 اور 6-2 ہار گئی۔

میچ کے اختتام پر گفتگو کے دوران ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ میرا پروفیشنل کیریئر میلبرن سے شروع ہوا اور اپنا کیریئر ختم کرنے کے لیے اس سے اچھے ارینا کا سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔

تاہم سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شعیب ملک نے لکھا کہ ’آپ کھیلوں کی تمام خواتین کے لیے امید کی کرن ہیں۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’آپ نے کیریئر میں جو مقام حاصل کیا ہے اس پر آپ پر بہت فخر ہے، آپ بہت سے لوگوں کے لیے تحریک ہیں۔

شعیب ملک نے مزید لکھا کہ ’مضبوطی سے چلتے رہیں ناقابل یقین کیریئر پر بہت بہت مبارک ہو۔‘