سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے بہنوئی محمد اسد الدین آئندہ جنم میں چھپکلی بننے کے خواہشمند ہیں جس کی خواہش کا اظہار انہوں نے اپنی ساس سے کر دیا۔
اسد الدین جو ثانیہ مرزا کی چھوٹی بہن انعم مرزا کے شوہر ہیں نے اگلے جنم میں چھپکلی بننے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے اور اس کی وجہ بھی انتہائی دلچسپ ہے کیونکہ ان کی اہلیہ چھپکلیوں سے ڈرتی ہیں۔
اسد نے اپنی اس خواہش کا اظہار ثانیہ مرزا کی والدہ اور اپنی ساس نسیمہ مرزا کی مزاحیہ انسٹا گرام ریل میں کیا ہے۔
نسیمہ مرزا نے خوشگوار موڈ میں انسٹا گرام پر بیٹی انعم مرزا اور داماد محمد اسد الدین کے ساتھ ایک فنی ریل بنائی ہے جس میں وہ اور ان کے داماد صوفے پر جب کہ انعم مرزا صوفے کا سہارا لیے فرش پر بیٹھی نظر آتی ہیں۔
ثانیہ کی والدہ اس فنی ریل میں اسد سے پوچھتی ہیں کہ وہ اگلے جنم میں کیا بننے کی خواہش رکھتے ہیں؟ جس کا انہوں نے مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ مما میں اگلے جنم میں چھپکلی بننا چاہتا ہوں۔
مرزا خاندان کے چھوٹے داماد کا یہ جواب سن کر صارفین تو یقیناً ہنس دیے ہوں گے لیکن ویڈیو میں ماں اور بیٹی کے منہ سے بھی ہنسی کا فوارہ چھوٹ گیا۔
نسیمہ نے سوال کیا کہ وہ چھپکلی کیوں بننا چاہتے ہیں جس پر اسد نے برجستہ انداز میں کہا کہ آپ کی بیٹی (ان کی اہلیہ انعم مرزا) کو صرف چھپکلی سے ڈر لگتا ہے۔ جواب کے ساتھ ہی تینوں نے زور دار قہقہہ بھی لگایا۔
بعد ازاں اس ویڈیو کو نسیمہ مرزا نے انعم کو ٹیگ بھی کیا اور ساتھ لکھا کہ ’یہ صرف ایک مذاق ہے جو ایک مزاحیہ ریل بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔‘
اس ریل کے بعد صارفین نے ہنسنے والے اموجیز کی بھرمار کر دی جب کہ کچھ لوگوں نے نسیمہ مرزا کی اداکاری کو خوب سراہا۔ ایک صارف نے ساس اور داماد کی کیمسٹری کو بھی بہت پسند کیا۔