ثانیہ مرزا نے پرینیتی چوپڑا کو شادی پر کیا تحفہ دیا؟

ثانیہ مرزا

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سیاست دان راگھو چڈھا 24 ستمبر کو ادے پور میں شادی کے بندھن میں بندھے۔

اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی کی تقریبات میں شوبز شخصیات سمیت قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

نوبیاہتا جوڑے نے بھی گزشتہ روز شادی کی تصاویر شیئر کیں جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا گیا۔

پرینیتی چوپڑا کی شادی میں کزن پریانکا چوپڑا شریک نہیں ہوئیں لیکن ان کی والدہ شادی میں شریک تھیں اور سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بھی بہن انعم مرزا کے ساتھ شادی میں شرکت کی۔

شادی کے بعد واپسی پر پریانکا کی والدہ مدھو چوپڑا اور ثانیہ مرزا کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ان سے پاپا رازی شادی میں دیے گئے تحفے سے متعلق سوال کررہے ہیں۔

فوٹو گرافرز نے مدھو چوپڑا سے پوچھا کہ پرینیتی اور راگھو کو شادی پر تحفے میں کیا دیا ہے؟ انہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پرینیتی اور راگھو نے کچھ بھی لینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ کوئی لینا دینا نہیں۔

مدھو چوپڑا نے کہا کہ میں نے اُنہیں صرف بہت ساری دعائیں دی ہیں۔

ثانیہ مرزا کی بھی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں وہ بہن انعم مرزا کے ہمراہ شادی میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہی تھیں۔

فوٹوگرافرز نے ثانیہ سے پوچھا کہ انہوں نے پرینیتی کو شادی کا کیا تحفہ دیا؟

ثانیہ مرزا نے جواب دینے کے بجائے الٹا پاپارازی کا سوال دہرایا اور کہا آپ لوگوں نے کیا تحفہ دیا؟ پھر کہا ‘دعائیں؟’

جواب میں فوٹوگرافرز ہنسنے لگے لیکن ثانیہ مرزا نے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ انہوں نے اداکارہ کو کیا تحفہ دیا۔