ثانیہ سعید نے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کردی

ثانیہ سعید

شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے شوہر سے طلاق کی تصدیق کردی۔

شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے نجی زندگی پر کھل کر انکشاف کیا کہ وہ شوہر شاہد شفاعت سے علیحدگی اختیار کرچکی ہیں۔

شادی کے بارے میں سوال پر ثانیہ سعید نے کہا کہ ’میں شادی شدہ تھی لیکن اب نہیں ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ میں اور شوہر بچپن کے دوست تھے اور ایک ساتھ تھیٹر پرفارم کرتے ہوئے بڑے ہوئے، وہ اس وقت میری زندگی کا پیار تھا، لیکن جس طرح کی محبت ہم والدین کے درمیان دیکھا کرتے تھے وہ ان دنوں بہت کم ہے۔

یہ پڑھیں: پیسے کمانے کے لیے اداکاری کرنی پڑتی ہے، ثانیہ سعید

اداکارہ نے کہا کہ اپنی عزت نفس یا خوابوں سے سمجھوتا کیے بغیر محبت کرنا ایک خوبصورت چیز ہے۔

ثانیہ سعید نے کہا کہ میں ہمیشہ خوش قسمت رہی ہوں کہ مجھے سابق شوہر کے ساتھ کبھی بھی کسی چیز پر سمجھوتا نہیں کرنا پڑا یہاں تک کہ علیحدگی بھی خوش اسلوبی سے ہوئی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہمارا 35 سال کا ساتھ ہے اور ہم نے ایک ساتھ اپنا وقت گزارا۔

انڈسٹری میں فیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ مجھے کبھی بھی فیشن میں اتنی دلچسپی نہیں رہی، میں ایوارڈ شوز میں بھی اپنے پرانے کپڑے اور امی کی ساڑھیاں پہن جاتی تھی، پرانے وقتوں کے ڈراموں میں اداکارائیں سادہ ہوتی تھیں۔

واضح رہے کہ ثانیہ سعید اور شاہد شفاعت کی شادی 1998 سے ہوئی تھی اور ان کی کوئی اولاد نہیں ہے۔