ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار سنجے دت کی منفرد طریقے سے ورزش کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر مداحوں نے اپنے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔
63 سالہ سنجے دت نے آج اپنے انسٹاگرام ہینڈل سے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہیں ایک کمرے میں کلہاڑی سے لکڑی کے ٹکڑے کو کاٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں سنجے دت نے لکھا کہ جو کام میں پہلے کرتا تھا وہی کر رہا ہوں، ورزش کرنے کیلیے لکڑی کے ٹکڑے کرنا بہترین طریقہ کار ہے، اس سے جسم کا اوپری حصہ مضبوط ہوتا ہے۔
انہوں نے اپنے مداحوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ بھی اس طریقے سے روزانہ ورزش کیا کریں۔
سنجے دت کی ویڈیو کو انسٹاگرام پر کافی پسند کیا گیا جبکہ اسے سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیا۔
مداحوں نے کمنٹ باکس میں سُپر اسٹار کی تعریف کی۔ ایک نے لکھا کہ ’سنجے بابا دوبارہ واپس آگئے ہیں۔‘ دوسرے نے لکھا کہ ’آپ سب سے بہترین ہیں۔‘
کچھ مداحوں نے سنجے دت پر طنز بھی کیا۔ ایک نے لکھا کہ آپ وہی کام کر رہے ہیں جو آپ جیل میں کیا کرتے تھے۔ دوسرے نے لکھا کہ ہم نے اپنے دادا کے ساتھ لکڑیاں کاٹیں، بس فرق اتنا ہے کہ آپ ورزش کیلیے کاٹ رہے ہیں جبکہ ہم نے زندگی گزارنے کیلیے کاٹی تھی۔