ایسے کپتانی کرو پلیئرز تم سے دل کی بات شیئر کرسکیں، سرفراز کا مشورہ

پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انھیں ایشیا کپ مہم کے لیے اہم مشوروں سے نوازا ہے۔

پی سی بی کے آفیشل اکاؤنٹ ایکس پر ویڈیو شیئر کی گئی جس میں سابق کپتان سرفراز آسٹریلیا سے ویڈیو لنک کے ذریعے انڈر 19 ٹیم کے کپتان سعد، پلیئرز طیب اور اذان سے گفتگو کررہے ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر نے ایشیا کپ میں عمدہ پرفارمنس دکھانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

سرفراز نے سعد سے مخاطب ہو کر مشورہ دیا کہ بحیثیت کپتان سب کو لے کر چلو اور کوشش کرو کے ٹیم کا ماحول اچھا بن سکے۔ تم لڑکوں سے اپنے دل کی بات کہہ سکو اور پلیئرز آکر تم سے اپنی باتیں شیئر کرسکیں۔

کپتان کی پلیئرز کے ساتھ جتنی بانڈنگ اچھی ہوگی تو وہ خود آکر کپتان سے ڈسکس کریں گے اور ٹیم بہتر طریقے سے چلے گی۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میری دعائیں آپ لوگوں کے ساتھ ہیں خوب اچھا کھیلو اور پاکستان کا نام روشن کرو۔ انڈر 19 لیول سے آپ کو ایک پلیٹ فارم ملتا ہے۔

انھوں نے ایشیا کپ کے حوالے سے ینگ پلیئرز کو کہا کہ جیت یا ہار مسئلہ نہیں ہے، گراؤنڈ کے اندر ٹیم کی سو فیصد کوشش ہونی چاہیے۔ ایک دوسرے کو سپورٹ کرو اور ٹیم کو لے کر چلو۔