’’ایشیا کپ اسکواڈ سے بابر اعظم کا اخراج‘‘، سرفراز اور عبدالرزاق نے کیا کہا؟

کراچی (17 اگست 2025): پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد اور عبدالرزاق نے ایشیا کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق رواں ماہ اگست اور اگلے ماہ ستمبر میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والے ٹرائی نیشن سیریز اور ایشیا کپ کے لیے پی سی بی نے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ اسکواڈ میں تجربہ کار بیٹر اور سابق  کپتان بابر اعظم اور ون ڈے ٹیم کے موجودہ کپتان محمد رضوان کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

بابر اعظم کو ایشیا کپ کے اسکواڈ میں جگہ نہ دینے پر کرکٹ کے مختلف حلقے اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔

کراچی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے اچھی ٹیم کا اعلان ہوا ہے۔ یو اے ای کی پچز پر پاکستان کا ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ ٹیم سیریز اور ٹورنامنٹ دونوں جیت سکتی ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین چار سالوں میں نئی ٹیم ابھر کر سامنے آ رہی ہے۔ حسن نواز، حسین طلعت، صائم ایوب سمیت نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔ فخر زمان میچ ونر اور گزشتہ کچھ عرصہ سے بہت اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔

انہوں نے اولمپک میں کرکٹ کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اولمپک میں بھی گولڈ میڈل جیت کر لائے گی۔

سابق قومی آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ میرٹ پر ٹیم بن رہی ہے اور امید ہے کہ اچھا پرفارم کرے گی۔ نیک تمنائیں ٹیم کے ساتھ ہیں۔

عبدالرزاق نے مزید کہا کہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔ اب قومی ٹیم جارحانہ انداز میں کھیل رہی ہے، جس کو دیکھ کر مسرت ہوتی ہے۔ پاکستان کو ان میں سے جلد پاور ہٹرز ملیں گے۔

https://urdu.arynews.tv/pcb-pakistan-squad-for-tri-series-asia-cup-2025-17-august-2025/