پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے بابر اینڈ کمپنی کی ہمت بندھاتے ہوئے کہا ہے کہ ہر مشکل کے بعد آسانی آتی ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا کی نوآموز ٹیم سے ہارنے کے بعد گرین شرٹس کو شدید تنقدید کا سامنا ہے، سابق کپتان اور سابق کرکٹرز بابر اعظم اور باقی پلیئرز کی غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان پرفارمنس اور باڈی لینگویج پر سوالات آٹھا رہے ہیں۔
تاہم ایسے میں سابق کپتان سرفراز نے کہا ہے کہ مشکل کے بعد آسانی آتی ہے، ہمیں امید ہے قومی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی، ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ میں ابھی بہت میچز باقی ہیں۔
اس سے قبل بابر اینڈ کمپنی نے جب 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ میں بھی بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا تو سرفرازنے قائداعظم ٹرافی جیتنے کے بعد ٹیم کے نام پیغام میں ہمت نہ ہارنے کا مشورہ دیا تھا۔
اس وقت بھی ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹھیک ہے قومی ٹیم توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرپا رہی لیکن ان میں کم بیک کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے، رزلٹ کی پروا کیے بغیر سب لڑکے سو فیصد جان ماریں۔
واضح رہے کہ سرفراز احمد پاکستان کے کامیاب ترین ٹی ٹوئنٹی کپتان میں سے ایک ہیں، ان کی قیادت میں گرین شرٹس نے بھارت کو ہرا کر پہلی بار چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے آئی سی سی کے دو کپ اپنی قیادت میں پاکستان کو جتوائے ہیں۔
اس سے قبل سابق ویسٹ انڈین کپتان کلائیو لائیڈ اور آسٹریلین قائد رکی پونٹنگ کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ انھوں نے دو آئی سی سی ٹرافیاں اپنے اپنے ملکوں کے لیے اٹھائیں۔
سرفراز احمد نے 2006 میں پاکستان کی جونیئر ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے گرین شرٹس کو آئی سی سی انڈر 19 کا ورلڈ کپ جتوا کر ٹرافی اٹھائی۔ اس اہم معرکے میں مدمقابل بھی بھارت تھا۔