کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیسٹ سیریز جادو کی وجہ سے نہیں خراب بیٹنگ کی وجہ سے ہارے، سری لنکن کپتان کے بیان پر ہنسی آرہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جادو کی وجہ سے نہیں ہارے بلکہ ہار کی وجہ ہماری خراب بیٹنگ تھی۔
کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ سری لنکن کپتان دنیش چندی مل کے بیان پر ہنسی آرہی ہے، کسی کپتان کا ایسا بیان دینا حیران کن ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز اگر ہم جادو کی وجہ سے ہارے ہیں تو کیا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جادو الٹا ہوگیا تھا؟
اسی سے متعلق: پاکستان کو جادو ئی مدد سے ٹیسٹ سیریز میں شکست دی، سری لنکن کپتان کا اعتراف
واضح رہے کہ سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کے کپتان دنیش چندی مل نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے کے لیے دوست کی والدہ سے جادوئی مدد حاصل کی تھی۔
3-0 یاد رہے کہ ٹیسٹ سیریز میں 2-0 سے ہارنے کے بعد پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں 5-0 اور ٹی ٹوئنٹی سیریز سے شکست دی تھی ۔