سرگودھا میں بھکاری کی جیب سے پاسپورٹ اور 5 لاکھ روپے نکل آئے

پنجاب کے شہر سرگودھا میں بھکاری کی جیب سے پاسپورٹ اور 5 لاکھ روپے نکل آئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سرگودھا میں ریسکیوعملے کو کال موصول ہوئی کہ خوشاب روڈ پر ایک شخص بے ہوش پڑا ہے،  ریسکیو عملے نے مشتاق نامی معمر شخص کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیواسپتال منتقل کیا جہاں اُس کی جیب سے 5 لاکھ 34 ہزار روپے برآمد ہوئے۔

معمرشخص کی جیب سے برآمد ہونے والے پاسپورٹ پرسعودی عرب کے ویزے لگے ہوئے تھے جن پر وہ متعدد مرتبہ سعودی عرب کا سفرکرچکا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسرمظہرشاہ کا کہنا ہے کہ اہل علاقہ نے بتایا کہ یہ شخص یہاں بھیک مانگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طبی امداد کے بعد معمر شخص کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے اور ریسکیوعملے نے رقم اور پاسپورٹ اسے لوٹا دیے ہیں۔