سرگودھا : این اے تراسی اور پچاسی سرگودھا سے آزاد امیدوارصادق علی کی موت معمہ بن گئی،صادق علی کا جنازہ پڑھانے والے مولوی کا اہم بیان آگیا۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں آزاد امیدوار صادق علی کی وفات کے باعث این اے تراسی اور پچاسی میں الیکشن ملتوی ہونے پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔
محسن شاہنواز رانجھا اورڈاکٹر ذوالفقار بھٹی آزادامیدوار صادق علی کی وفات سے متعلق مبینہ جعل سازی کا ریکارڈ سامنے لے آئے۔
امام مسجد چک 142 جنوبی کا بیان حلفی سامنے آ گیا ہے، صادق علی کا جنازہ پڑھانے والے مولوی نے بیان میں کہا ہے کہ صادق علی کا 15جنوری والا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جعلی ہے۔
مولوی کا کہنا تھا کہ آزاد امیدوار صادق علی کا 2 جنوری کو انتقال ہوا تھا اور اس کا 3 جنوری کو نماز جنازہ میں نے خود پڑھایا تھا جبکہ صادق علی کی تدفین 3 جنوری کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں ہوئی تھی۔
محسن رانجھا نے کہا ہے کہ دونوں حلقوں میں الیکشن ملتوی کرانےکی سازش بری طرح بے نقاب ہوگئی، 2جنوری کو فوت ہونے والےشخص کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ 15 جنوری کاکیسےبن سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے انکوائری لگا دی ہے جلد فیصلہ ہوگا اور الیکشن ہرصورت ہونگے،سازشی عناصر کو کٹہرے میں لاؤں گا۔
گذشتہ روز سرگودھا سے آزاد امیدوار کی وفات پر آر اوز نے دونوں حلقوں کا الیکشن ملتوی کیا تھا۔