کراچی : صارم برنی نے گرفتاری سے قبل خود پر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے تمام حقائق سامنے لانے کا دعویٰ کیا۔
تفصیلات کے مطابق صارم برنی کا امریکا میں ریکارڈ کیا گیا ویڈیو پیغام سامنے آگیا ، جس میں انھوں نے خود پر لگائے گئے الزامات کی تردید کی اور کہا وطن واپسی پر وہ الزامات کا بھرپور جواب دیں گے۔
سماجی کارکن نے تمام حقائق سامنے لانے کا بھی دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ چپ رہا، جو نہیں کہنا چاہتا تھا وہ بھی بتاؤں گا۔
یاد رہے صارم برنی کو امریکہ سے کراچی پہچنے پر ائیرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا تھا ، ان کو ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے حراست میں لیا ہے ۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ان پر انتہائی سنگین نوعیت کے الزامات ہیں اور اس حوالے سے کافی عرصے سے ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی تھی۔
ان کے وکلاء کی 6 رکنی ٹیم ایف آئی اے دفتر پہنچی تو ان کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی، ان کے چھوٹے بھائی التمش کا کہنا ہے ہم بچپن سے ساتھ بڑے ہوئے، جو بھی الزامات لگائے گئے ان میں کوئی صداقت نہیں۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ سماجی کارکن کو قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا ہے اور شفاف انداز میں تحقیقات کی جائیں گی۔