کرن جوہر بہت اچھے اخلاق کے انسان ہیں، ثروت گیلانی

ثروت گیلانی

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثروت گیلانی کا کہنا ہے کہ کرن جوہر بہت اچھے اخلاق کے انسان ہیں۔

اداکارہ ثروت گیلانی حال ہی میں شوہر فہد مرزا کے ہمراہ ایک شو میں شرکت کی ان سے میزبان نے بھارتی فلمساز کرن جوہر سے ملاقات کے بارے میں پوچھا۔

ثروت گیلانی نے کہا کہ میں کرن جوہر کی بہت بڑی مداح ہوں اور انہیں انسٹاگرام پر بھی فالو کرتی ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے کرن جوہر کی شخصیت بہت پسند ہے، میں اور فہد اٹلی کے شہر روم میں چھٹیاں گزارنے گئے ہوئے تھے جب ایئرپورٹ پر میں نے کرن کو دیکھا تھا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے انہیں دیکھ کر فہد سے تصدیق کرنا چاہی کہ دیکھو یہ کرن ہی ہے میں اتنی زیادہ خوش تھی کہ کرن جوہر نے مجھے دیکھ لیا ہے۔

ثروت گیلانی نے کہا کہ وہ ہماری جانب متوجہ ہوئے اور پوچھا آپ لوگ کہاں سے ہیں؟ اس پر میں نے کہا کہ ہم پاکستان سے ہیں، وہ بہت ہی اچھے اخلاق کے انسان ہیں، پہلے ہم نے تصویر لی اور پھر فہد نے ان سے ویڈیو کا کہا کہ آپ اس میں پاکستان کو ہیلو کہیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ پاک بھارت تعلقات ان دنوں کچھ خاص اچھے نہیں تھے لیکن پھر کرن جوہر اچھے سے ملے۔