ستیش شاہ ’میں ہوں نا‘ میں تھوک پھینکنے کے سین پر ناراض کیوں ہوگئے تھے؟

ستیش شاہ

بالی ووڈ اداکار ستیش شاہ کا کہنا ہے کہ فلم ’میں ہوں نا‘ میں تھوک پھینکنے کے سین کے دوران بار بار ری ٹیکس ہونے پر ناراض ہوگیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی 2004 میں ریلیز ہونے والی سپر ہٹ فلم میں ہوں نا نے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے، فلم میں کئی مزاحیہ سین بھی تھے جس میں کالج کے پروفیسر رسائی کا کردار ستیش شاہ نے نبھایا تھا اور فلم میں انہیں بات کرتے ہوئے تھوک پھینکنے کی عادت ہوتی ہے۔

فلم میں دیکھا گیا تھا کہ پروفیسر کی اس عادت سے اساتذہ اور طلبا بھی پریشان تھے اور جب بھی وہ ان سے بات کرتے تھے تو فاصلے پر رہتے تھے۔

اداکار ستیش شاہ نے کئی سال بعد ایک انٹرویو فلم میں ہوں نا کے اس سین کی دلچسپ کہانی بیان کردی ہے۔

ستیش شاہ نے کہا کہ ’یہ کردار بالکل آسان نہیں تھا اور ایسے بات کرنا کہ منہ سے تھوک آئے میرے لیے بڑی عجیب بات تھی، میں بہت سارا پانی منہ میں رکھتا تھا اور کچھ الفاظ کا تلفظ ایسے ادا کرتا تھا کہ منہ سے پانی اسپرے کی طرح باہر نکلے۔‘

انہوں نے کہا کہ میں نے اس کردار کے لیے بہت محنت کی لیکن جب بھی شاہ رخ خان میرے سامنے آتے تو وہ بہت ہنستے تھے جس کی وجہ سے ہمیں ری ٹیک لینا پڑتا تھا ایک مرتبہ شاہ رخ کے ہنسنے کی وجہ سے ہم نے 8 ری ٹیکس لیے جس پر میں ناراض ہوگیا تھا۔‘

اداکار نے کہا کہ میں نے اس کے بعد کہا کہ اب دوبارہ ری ٹیک ہوا تو میں نہیں کروں گا، اس پر سب اداکار قہقہ لگاتے ہوئے کرسیوں سے گر پڑے تھے۔

واضح رہے کہ فلم میں ہوں نا کی ہدایت کاری کے فرائض فرح خان نے انجام دیے فلم کی کاسٹ میں شاہ رخ خان، سشمیتا سین، زید خان، امریتا راؤ، سنیل شیٹی، ستیش شاہ ودیگر شامل تھے۔