بالی ووڈ کے معروف اداکار کارتک آریان اور اداکارہ کیارا ایڈوانی کی فلم ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کارتک آریان اور کیارا ایڈوانی فلم ستیہ پریم کی کتھا میں مرکزی کردار نبھا رہے ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں گجراج راؤ، راج پال یادیو ودیگر شامل ہیں۔
فلم ستیہ پریم کی کتھا کی ہدایت کاری کے فرائض سمیر ودھوانس نے انجام دیے ہیں اس کے پروڈیوسر ساجد ندیاد والا ہیں جبکہ فلم 29 جون کو بڑے پردے کی زینت بنے گی۔
ٹریلر میں کارتک آریان اور کیارا ایڈوانی کے درمیان محبت دکھائی گئی، کارتک آریان کہتے ہیں کہ ’شاید میں اس دنیا میں کچھ کرنے ہی نہیں آیا، سوائے تم سے پیار۔‘
یوٹیوب پر ستیہ پریم کی کتھا کے ٹریلر کو ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور فلم کی ریلیز کا بے تابی سے انتظار کررہے ہیں۔
گزشتہ روز اداکار کارتک آریان نے پوسٹ میں رومینٹک کیپشن لکھا تھا کہ ’آج کے بعد تو میری رہنا’ اور بتایا تھا کہ فلم ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کا ٹریلر کل ریلیز ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے کیارا ایڈوانی اور کارتک آریان ’بھول بھلیاں 2‘ میں اسکرین پر ایک ساتھ جلوے بکھیر چکے ہیں، فلم باکس آفس پر کامیاب ہوئی تھی۔