سعودی عرب: بزرگ شہریوں کیلیے منفرد ایجاد

بزرگ افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں ان کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے سعودی عرب نے ایک منفرد ایجاد کی ہے۔

ہمارے معاشرے کا ایک بڑا طبقہ معمر افراد پر مشتمل ہے جو بڑھتی عمر کے ساتھ مختلف طبی مسائل کا شکار ہوتے ہیں۔ چلنے پھرنے میں دشواری بھی ان ہی مسائل میں سے ایک ہے جس کیلیے عموماً سادہ چھڑی کا استعمال کیا جاتا ہے لیکن سعودی کمپنی نے اس کے متبادل حیرت انگیز ایجاد کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیلیکون ویلی میں ٹیکنالوجی کمپنی کے سعودی بانی احمد الغازی نے معمر افراد کے لیے ایسی منفرد اور جدید اسمارٹ چھڑی ایجاد کی ہے جو بوقت ضرورت وائی فائی اور ہنگامی حالت میں کال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ چھڑی جس کو ’Can Go‘ کا نام دیا گیا ہے اس میں موبائل سم لگی ہوئی ہے اور یہ جی پی ایس نظام سے جڑی ہوئی ہے۔

اس چھڑی کے خالق احمد الغازی نے بتایا کہ اسمارٹ چھڑی اور ایک عام چھڑی میں دکھنے میں کوئی فرق نہیں، یہ بہت سادہ اور آسان ہے۔ اس کے ذریعے معمر افراد کے نقل و حرکت، چلنے والے قدموں کی تعداد کا معلوم کیا جا سکتا ہے جب کہ یہ وائی فائی اور ہنگامی حالت میں اس سے فون کال بھی کی جا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس چھڑی میں معمر افراد کے نگرانوں تک مختلف تفصیلات کے بارے میں معلومات پہنچانے کا بھی انتظام ہے۔ اس میں 48 گھنٹے تک چلنے والی بیٹری ہے اور اسے چارج بھی کیا جاسکتا ہے جب کہ اسے ایپ کے ذریعے بھی جوڑا جاسکتا ہے۔