ریاض : دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے سعودی عرب میں اپنے کاروبار کو مزید وسعت دیتے ہوئے آن لائن ایپل اسٹور اور ایپل اسٹور ایپ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
اس اسٹور کی خاص بات یہ ہے کہ سعودی صارفین کو پہلی بار ان پلیٹ فارمز پر عربی زبان کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
اب سعودی صارفین ایپل کی تمام مصنوعات براہِ راست عربی زبان میں سرچنگ، خریداری اور کسٹمر سپورٹ کے ساتھ مطلوبہ مصنوعات حاصل کرسکتے ہیں، جن میں آئی فون، آئی پیڈ، میک، ایئر پوڈز اور دیگر ڈیوائسز شامل ہیں۔ ایپل کی ٹیم صارفین کو معیاری سروس فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
اس حوالے سے اسٹور انتظامیہ نے کہا ہے کہ آن لائن اسٹور کی دستیابی سعودی عرب میں صارفین کے لیے نئے دور کا آغاز ہے جہاں وہ ایپل کی مکمل مصنوعات کی باآسانی خریداری کر سکیں گے۔
ایپل کی سینئر نائب صدر برائے ریٹیل اینڈ پیپل، دیردری اوبرائن نے کہا کہ سعودی عرب میں ایپل اسٹور آن لائن اور ایپ متعارف کرانا ہمارے لیے باعث مسرت ہے، ہم صارفین کو مصنوعات کی خریداری اور خدمات کا ایک نیا طریقہ فراہم کر رہے ہیں۔
آئندہ سال سے فزیکل ایپل اسٹورز کا آغاز
علاوہ ازیں ایپل نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ 2026 سے سعودی عرب میں فزیکل (فلیگ شپ) اسٹورز بھی کھولے جائیں گے، جن میں سے ایک نمایاں اسٹور درعیہ میں قائم کیا جائے گا ایک تاریخی مقام ہے۔