مظفرآباد: سعودی عرب نے کنگ عبداللہ یونیورسٹی آزاد کشمیر کے لئے تین ارب کی خطیر رقم عطیہ کرڈالی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی فنڈ فارڈیولپمنٹ کےتحت معاہدے پرجامعہ کشمیر،سعودی سفارتخانے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، شبلی فراز، وزیرصحت آزاد کشمیرنثار ابدالی سمیت وائس چانسلر کنگ عبداللہ یونیورسٹی آزاد کشمیرکیمپس پروفیسر ڈاکٹرکلیم عباسی شریک ہوئے۔
تقریب کے دوران سعودی سفیر نواف المالکی نے سعودی عرب کی جانب سے آزادکشمیر یونیورسٹی کیلئے تین ارب روپے کا عطیہ دیا، یہ عطیہ سعودی فنڈ فارڈیولپمنٹ کےتحت دیا گیا، سعودی امداد سے کنگ عبداللہ یونیورسٹی آزاد کشمیر کو تعلیمی سازوسامان فراہم ہوگا۔
تقریب سے خطاب میں پاکستان میں سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین محبت و اخوت پر مبنی شاندار برادرانہ تعلقات ہیں اور سعودی ادارہ برائے ترقی کی وساطت سے ان منصوبوں کی تکمیل سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کیلیے فنڈنگ جاری رکھیں گے، سعودی عرب
انہوں نے کہا کہ سعودی ادارہ برائے ترقی کے تحت سعودی عرب پاکستان میں تئیس منصوبوں کے لیے تین سو تینتیس ملین امریکی ڈالر کی امداد مہیا کررہا ہے جن میں سے تیرہ منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جبکہ دس منصوبے زیر تکمیل ہیں۔
ان منصوبوں کے علاوہ سعودی ادارہ برائے ترقی (سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ) اقوام متحدہ کے کمیشن برائے مہاجرین،عالمی ادارہ خوراک، بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پروجیکٹ سروسز کے ساتھ بھی تعاون کررہا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت کےتعاون سےکنگ عبداللہ یونیورسٹی کی تعمیر دو ہزار انیس میں مکمل ہوئی تھی۔