سعودی عرب نے طب کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی

سعودی عرب نے طب کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی جدہ میں پہلی مرتبہ روبوٹ کے ذریعے گھٹنے کے جوڑ تبدیل کرنے کا کامیاب آپریشن کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں جدہ کے کنگ فہد اسپتال میں پہلی مرتبہ روبوٹ کے ذریعے گھٹنے کے جوائنٹ تبدیل کرنے کا  کامیاب آپریشن کیا گیا ہے جو مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن ہے۔

اس حوالے سے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کنسلٹنٹ آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر شہاب بوسطجی نے بتایا کہ روبوٹ روایتی طریقے کے مقابلے میں زیادہ مہارت سے کام انجام دیتا ہے اور اس میں مریض کی تمام معلومات ایکس رے رپورٹ کے ذریعے روبوٹ کو فیڈ کی جاتی ہیں اور  آپریشن کے تمام پروسیجر مکمل کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ روبوٹ اور نیویگیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے اس حساس پروسیجر میں غلطی کا امکان پہلے کے مقابلے میں کم ہو گیا ہے۔ روبوٹ باریک بینی سے درست جگہ کے تعین میں سرجن کی معاونت کرتے ہیں۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ جوائنٹ کی تبدیلی کے آپریشن روبوٹ کے ذریعے کیے جا سکتے ہیں تاہم ہڈیوں کی زیادہ حساس سرجری میں روبوٹ کا استعمال ابھی ممکن نہیں۔