مکہ المکرمہ میونسپلٹی نے تمام تجارتی مراکز کی انتظامیہ کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ تجارتی مراکز میں ’مصلی‘ (نماز کی جگہ) کا انتظام نہ کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق میونسپلٹی نے کہا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کم از کم ایک ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اس حوالے سے مکہ میونسپلٹی نے وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور کی جانب سے جاری کردہ بلدیاتی خلاف ورزیوں کے جرمانوں کے نئے چارٹ پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔
میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ الزیتونی نے کہا ہے کہ خلاف ورزیوں کے چارٹ میں متعدد امور کی نشاندہی کی گئی ہے۔
الزیتونی نے کہا کہ تجارتی مراکز میں مصلوں، واش رومز اور وضو کی جگہ کے قواعد و ضوابط کی پابندی نہ کرنے پر ایک ہزار ریال تک کا جرمانہ ہو گا تاہم پہلے تجارتی مرکز کو اصلاح حال کے لیے 14 دن کی مہلت دی جائے گی۔ خلاف ورزی دہرانے پر جرمانہ دگنا کیا جا سکتا ہے۔
الزیتونی کا کہنا تھا کہ حفظان صحت کے ضوابط کے مطابق واش رومز میں صفائی کا معیار برقرار نہ رکھنا سنگین خلاف ورزی ہے اس پر دو ہزار ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔ دوبارہ خلاف ورزی پر جرمانہ دگنا ہو سکتا ہے۔
الزیتونی نے بتایا کہ مصلوں کے لیے مقررہ قواعد و ضوابط اور معیار کی پابندی نہ کرنے اور متعین نظام الاوقات کے مطابق اصلاح و مرمت کا اہتمام نہ کرنا خلاف ورزی ہے اس پر پہلے اصلاح حال کے لیے 14 روز کی مہلت دی جائے گی اور مہلت نظر انداز کرنے پر پانچ سو ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔