سعودی عرب کی بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت

بلوچستان مذمت سعودی عرب

ریاض : سعودی عرب نے بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور عوام سےدلی تعزیت اورہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ریاض ہر قسم کے تشدد، انتہا پسندی اور شہریوں کو نشانہ بنانے کے خلاف اپنے مضبوط موقف کا اعادہ کرتا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے متاثرین کے اہل خانہ کےساتھ ساتھ حکومت پاکستان اور عوام سےدلی تعزیت اورہمدردی کا اظہار کیا ہے۔۔

اس سے قبل امریکا نے بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا ہے کہ موسیٰ خیل میں تیئس بے گناہ شہریوں کا قتل قابل مذمت ہے، پاکستان عوام نے انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے۔

امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کیساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر کھڑے رہیں گے، علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں امریکا اور پاکستان کا مشترکہ مفاد ہے۔

یاد رہے بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں مسلح دہشتگردوں نے 23 مسافروں کو شناخت کر کے قتل کیا جبکہ 35 گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔

دوزان مین بھی 4 شہریوں کو ٹرکوں سے اتار کر قتل کیا گیا جبکہ نوشکی میں سرکاری اسلحہ چھین کر پوسٹ کو نذرآتش کیا گیا۔

دہشتگردی کے واقعات میں 39 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ سکیورٹی فورسز سے مقابلے میں 21 دہشتگرد مارے گئے اور کارروائیوں کے دوران 14 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔