ریاض: سعودی عرب نے بغیر اجازت موسم کی پیشگوئی کرنے والوں پر 150,000 ریال تک جرمانے عائد کر دیے۔
سعودی عرب کے نیشنل سینٹر فار میٹیورولوجی (NCM) نے متعدد افراد پر بغیر اجازت موسمی معلومات پھیلانے پر ڈیڑھ لاکھ ریال سے زائد کے جرمانے عائد کیے ہیں۔
عربی زبان کے اخبار عکاظ کی رپورٹ کے مطابق بغیر اجازت موسم کی پیشگوئی مرکز کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے، این سی ایم کے ترجمان حسین القحطانی نے وضاحت کی کہ جرمانوں کے اقدامات میٹیورولوجی کے قوانین پر عمل درآمد کا حصہ ہیں۔
کیا آج کراچی میں بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات کا بیان جاری
قانون کے مطابق مرکز کی باقاعدہ اجازت یا لائسنس کے بغیر کسی بھی موسمیاتی سرگرمی میں شامل ہونا ممنوع ہے۔ القحطانی نے مزید کہا کہ تمام خلاف ورزیوں پر مالی جرمانے نہیں لگائے گئے، بلکہ بعض صورتوں میں مرکز نے افراد سے تحریری وعدے لے کر انھیں آئندہ ایسی خلاف ورزی نہ کرنے پر چھوڑ دیا۔
انھوں نے زور دے کر کہا کہ ان اقدامات کا مقصد صرف جرمانے عائد کرنا نہیں، بلکہ موسمیاتی معلومات کی درستگی کو یقینی بنانا، عوامی تحفظ کو برقرار رکھنا، اور قوانین سے آگاہی اور ان کی پابندی کو فروغ دینا ہے۔