سعودی عرب کے اسپتال نے عالمی ریکارڈ بنا لیا!

سعودی عرب (15 اگست 2025): کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر نے طبی دنیا میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ بنا لیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر نے اعضا عطیہ کرنے کے عالمی دن کے موقع پر صرف 48 گھنٹوں میں گردوں کے 10 ٹرانسپلانٹ کر کے طبی دنیا میں منفرد عالمی ریکارڈ بنایا ہے۔

اسپتال کے آرگن ٹرانسپلانٹ سیٹنر آف ایکسی لینس کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر ایحاب ابو فرحانہ کے مطابق مسلسل دو دن گردے کے 10 ٹرانسپلانٹ کیے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ گردوں کی پیوند کاری کا یہ ریکارڈ ڈاکٹر طارق علی کی سربراہی میں ماہرین کی ایک ٹیم نے انجام دیا۔

ڈاکٹر ایحاب نے بتایا کہ گزشتہ برس سینٹر نے 500 ٹرانسپلاٹ کی تکمیل کے ساتھ ایک سنگ میل حاصل کیا تھا اور یہ پروگرام 2011 میں شروع کیا گیا تھا۔

اس پروگرام کا مقصد ان لوگوں کی مدد کرنا ہے جن کے لیے گردوں کا عطیہ نہیں ہوتا۔ سعودی عرب میں مرنے کے بعد اپنے اعضا عطیہ کرنے کے خواہشمند افراد کی تعداد 5 لاکھ 33 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

سعودی سینٹر فار آرگن ٹرانسپلانٹیشن کے مطابق موت کے بعد اعضا عطیہ کرنے کے خواہشمند افراد کی تعداد کے لحاظ سے سعودی دارالحکومت ریاض سرفہرست ہے جہاں تقریبا ایک لاکھ 42 ہزارعطیہ دہندگان ہیں۔ مکہ مکرمہ ایک لاکھ 15 ہزار افراد کے اپنے اعضا عطیہ کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے

الشرقیہ ریجن میں اعضا عطیہ کرنے کے خواہشمند افراد کی تعداد ایک اندازے کے مطابق 65 ہزار تک پہنچ گئی۔ نجران میں یہ تعداد سب سے کم ایک ہزار500 ہے۔