سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے بڑا اعزاز

جدہ: ولی عہد اور سعودی وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان عرب دنیا کے با اثر ترین لیڈر قرار دے دئیے گئے ہیں۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق روس کے عربی زبان میں نشر ہونے والے آرٹی ٹی وی چینل نے ایک سروے کرایا جس میں سال دوہزار بائیس کے عرب دنیا کے مقبول اور بااثر ترین رہنما کا نام پوچھا گیا تھا۔

سروے میں 63 فیصد کے لگ بھگ افراد نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو ووٹ دیا۔

روسی ٹی وی کے مطابق یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان عرب دنیا کی دوسری با اثر شخصیت قرار پائے جبکہ مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی کو عرب دنیا کی تیسری بااثر شخصیت قرار دیا گیا۔

روس کے عربی زبان میں نشر ہونے والے ٹی وی چینل نے دسمبر 2022 سے 9 جنوری 2023 تک عام سروے کیا ،سروے کی ووٹنگ میں ایک کروڑ 18 لاکھ 77 ہزار 546 افراد نے شرکت کی جس میں سے سعودی ولی عہد کو ناظرین کے 73 لاکھ 99 ہزار 451 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ صدر یو اے ای محمد بن زاید کے حق میں 29 لاکھ 50 ہزار 543 ووٹ دیئے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی ولی عہد کے جوتے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے

واضح رہے کہ مذکورہ ادارے نے گذشتہ سال بھی سروے کیا تھا جس میں شہزادہ محمد بن سلمان اول نمبر قرار پائے تھے۔

محمد بن سلمان کو گذشتہ کئی برسوں سے سعودی سلطنت کا سربراہ سمجھا جاتا ہے، وہ اپنے والد بادشاہ سلمان کی سربراہی میں بطور نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ دفاع خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔