ریاض: سعودی عرب کی کابینہ کا کہنا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں شرکت پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی کابینہ کا اجلاس عرقہ محل میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرِ صدارت ہوا۔ اجلاس میں سعودی قیادت کی ملاقاتوں اور مذاکرات کی رپورٹ پیش کی گئی۔
متعلقہ: سعودی عرب کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر غور
کابینہ نے پاکستان کی مدد کے لیے جنیوا کانفرنس میں شرکت کو یکجہتی قرار دیا۔ کابینہ نے کہا کہ سعودی عرب سیلاب سے پیدا مسائل سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
کابینہ نے کہا کہ پاکستان کے سیلاب متاثرین سے مکمل یکجہتی کا اظہار ضروری سمجھتے ہیں، جنیوا کانفرنس میں شرکت سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اہم ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے جنیوا کانفرنس کے بعد بتایا تھا کہ برادر ملک سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کے لیے ایک ارب ڈالر کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان بحالی کے کام میں تعاون کے لیے کیا ہے۔
متعلقہ: جنیوا کانفرنس میں عالمی برادری کی اظہار ہمدردی سے بہت متاثر ہوا، وزیر اعظم
کانفرنس میں پاکستان نے بحالی کے کاموں کے لیے 16 ارب ڈالر سے زائد کا تخمینہ پیش کیا تھا۔ عالمی برادری نے سیلاب متاثرین کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا جبکہ مختلف ممالک اور عالمی اداروں نے 11 ارب ڈالر سے زائد کے اعلانات کیے۔