کالر کی شناخت کے لیے سعودی ٹیلی کمیونیکیشن نے نیا فیچر متعارف کرانے کا تاریخی فیصلہ کرلیا، ملکی موبائل نیٹ ورکس کے قوانین و ضوابط میں تبدیلی لاتے ہوئے نیا فیچر متعارف کرایا جائے گا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے فیچر’ تخییر‘ کے ذریعے کالر کی شناخت یا نمبر کال ریسیو کرنے والے کے سیٹ پرظاہر ہوجائے گی، اسے قابل عمل بنانے کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، پروگرام کے ابتدائی مرحلے کا نفاذ اسی سال اکتوبر میں کیا جائے گا۔
سعودی ٹیلی کمیونیکیشن کمیشن کے حکام کے مطابق نئی سروس کو ’ تخییر‘ یعنی انتخاب کا عنوان دیا گیا ہے، اس سروس کے ذریعے لوگ اب کسی بھی نیٹ ورک سے موصول ہونے والی کال کے بارے میں باآسانی معلومات حاصل کرسکیں گے۔
جسے کال موصول ہوگی وہ شخص معلوم کرسکے گا کہ اسے کال کس نمبریا ادارے کی جانب سے کی گئی ہے۔
ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام کمپنیاں نئے فیچر کو مقررہ اسٹینڈرڈ ’جی ای این 002‘ کے مطابق تیار کریں اور اسے فنی نقائص سے پاک رکھیں۔
حکام نے فون سیٹ تیار کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے سیٹس میں متعلقہ فیچر کے پروگرام یا ایپلیکیشن کا اضافہ کریں جس کے ذریعے کال وصول کرنے والے کے سیٹ پر کالر کی شناخت ظاہر ہو۔
آغاز میں مذکورہ سروس لازمی نہیں بلکہ اختیاری ہوگی اور سرکاری یا نجی ادارے یہ سہولت حاصل کرسکیں گے۔