اسلام آباد : سپریم کورٹ نے قتل کے ملزم محمد سلیم کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا ، چیف جسٹس نے کہاکہ اگر کیس وجہ عناد ثابت نہ ہو تو سزائے موت نہیں ہو سکتی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں لاہور رجسٹری سے ویڈیو لنک کے ذریعے کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل مقتول نے کہا کہ 2006 میں فیصل آباد میں قتل کا واقعہ پیش آیا، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا اس کیس میں وجہ عناد معلوم نہیں ہے،اگر وجہ عناد ثابت نہ ہو تو سزائے موت نہیں ہو سکتی۔
وکیل مقتول نے کہا کچھ دن پہلے رقم پر ملزم اور مقتول کا جھگڑا ہوا تھا، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کیاجھگڑے کے کوئی گواہ پیش کیے گئے،اس کیس میں ریکوری بھی گرفتاری کے بعد کی گئی۔
دلائل سننے کے بعد عدالت نے قتل کے ملزم محمد سلیم کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔
خیال رہے ٹرائل کورٹ نے ملزم محمد سلیم کو سزائے موت سنائی تھی،لاہورہائی کورٹ نے ملزم کی سزائے موت کو برقرار رکھا تھا۔