فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

فوجی عدالتوں میں ٹرائل

اسلام آباد : سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردی گئی، 6 رکنی بینچ 18 جولائی کوسماعت کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردیں اور سماعت کے لئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا6 رکنی بینچ 18 جولائی کوسماعت کرے گا، جسٹس اعجاز الاحسن،جسٹس یحیی آفریدی ،جسٹس منیب اختر بینچ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک بینچ میں شامل ہوں گے۔

یاد رہے 27 جون کو عدالت عظمیٰ نے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کی جانب سے یقین دہانی کرائے جانے کے بعد فوجی عدالتوں کی کارروائی روکنے کی استدعا مسترد کر دی تھی اور سماعت جولائی کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی تھی۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کیخلاف درخواستوں پر سماعت میں ریمارکس دیئے تھے کہ توقع ہے سپریم کورٹ میں سماعت مکمل ہونے تک فوجی عدالتیں ٹرائل شروع نہیں کریں گی۔