اسلام آباد : سپریم کورٹ نے نو مئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی اپیلوں پر پنجاب حکومت کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں اور چیف جسٹس نےضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کے فیصلے پر سوالات اٹھا دیے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی نو مئی مقدمات میں آٹھ ضمانت کی اپیلوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر پنجاب ذوالفقار نقوی اور عمران خان کے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا ضمانت کے کیس میں حتمی آبزرویشنز دی جا سکتی ہیں؟ “فی الحال ہم اس فیصلے کی فائنڈنگز کو ٹچ نہیں کریں گے، کیونکہ اگر ابھی قانونی فائنڈنگز پر بات کی تو کسی ایک فریق کا کیس متاثر ہو سکتا ہے۔”
چیف جسٹس نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ ایسی کوئی فائنڈنگ نہیں دے گی جس سے کسی کا مقدمہ متاثر ہو۔ دونوں فریقین کے وکلاء کو آئندہ سماعت تک قانونی سوالات پر تیاری کرنے کی ہدایت دی گئی۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دینے کی اجازت مانگی، تاہم چیف جسٹس نے اس وقت انہیں بولنے کی اجازت نہ دی۔
عدالت نے پنجاب حکومت کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19 اگست تک ملتوی کردی۔