مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا فیصلہ کل سنائے جانے کا امکان

مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا فیصلہ کل سنائے جانے کا امکان

اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ کل بروز جمعہ سنائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے 13 رکنی فل کورٹ کا آج ہونے والا اجلاس ختم ہوگیا۔ مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ کل سنائے گا جبکہ کچھ دیر میں کاز لسٹ جاری کی جائے گی۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے کیس کا فیصلہ منگل کے روز محفوظ کیا تھا۔

گزشتہ روز مخصوص نشستوں کے کیس سے متعلق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس ہوا تھا۔ اجلاس میں چیف جسٹس پاکستان سمیت فل کورٹ کے 13 ججز شریک ہوئے تھے جس میں محفوظ کردہ فیصلے پر مشاورت مکمل کی گئی تھی۔

کیس کا پس منظر

عام انتخابات کے بعد مارچ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 1-4 کی اکثریت سے فیصلہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کو پارلیمنٹ میں مخصوص نشستیں نہیں مل سکتیں کیونکہ اس جماعت نے انتخابات سے قبل مخصوص سیٹوں کے لیے امیدواروں کی فہرستیں جمع نہیں کرائیں، الیکشن کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا تھا کہ یہ نشستیں پارلیمنٹ میں موجود دوسری جماعتوں کو تقسیم کردی جائیں گی۔

علاوہ ازیں 14 مارچ کو پشاور ہائیکورٹ نے بھی الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کی استدعا مسترد کردی تھی، جس کے بعد سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اپریل میں اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

بعد ازاں 6 مئی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص سیٹوں پر الیکشن کمیشن آف پاکستان اور پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کردیا تھا۔

جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے دیگر سیاسی جماعتوں کو مخصوص سیٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق فیصلہ معطل کیا تھا۔

مخصوص نشستوں کی تقسیم

الیکشن کمیشن نے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں میں تقسیم کر دیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں ایک نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے جمعیت علمائے اسلام پاکستان، پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل-این) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو ایک ایک مخصوص نشست الاٹ کی ہے۔

سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ-پاکستان اور پیپلز پارٹی کو خواتین کے لیے مختص نشستیں دی گئیں، جس پر پیپلز پارٹی کی سمیتا افضل اور ایم کیو ایم پی کی فوزیہ حمید مخصوص سیٹوں پر منتخب ہوئیں۔

مزید برآں سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے سادھو مل عرف سریندر والسائی نے اقلیتی نشست حاصل کی۔

ای سی پی نے مسلم لیگ (ن)، پی پی پی اور جے یو آئی ف کو اقلیتوں کے لیے تین مخصوص نشستیں الاٹ کیں ، جن کا دعویٰ سنی اتحاد کونسل نے کیا تھا۔

مسلم لیگ ن کی نیلم میگھواڑ، پیپلز پارٹی کے رمیش کمار اور جے یو آئی ف کے جیمز اقبال اقلیتی سیٹوں پر منتخب ہوئے۔