گانے پر رقص اور گلوکارہ پر نوٹ نچھاور، مفتی قوی کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی

ملتان: تنازعات میں گِھرے عبدالقوی کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی جس میں وہ نہ صرف رقص کررہے ہیں بلکہ گلوکارہ پر نوٹ بھی نچھاور کررہے ہیں۔

نمائندہ اے آر وائی طاہر خان کے مطابق مفتی عبدالقوی نے مہندی کی تقریب میں شرکت کی جہاں میوزیکل نائٹ کا انعقاد بھی کیا گیا تھا، اس دوران جب خاتون گلوکار اسٹیج پر آئی اور پرفارم کرنا شروع کیا تو وہ رنگ میں رنگ گئے۔

انہوں نے نہ صرف رقص کیا بلکہ گلوکارہ پر نوٹ بھی نچھاور کیے، یہ تمام تر مناظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگئے اور اُن کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی۔

مزید پڑھیں: تنازعات کے شکار مفتی عبدالقوی کی نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

انہوں نے مہندی کی تقریب میں بھنگڑا ڈالا اور گانے پر خوب محظوظ بھی ہوئے، متنازع شخصیت کے حامل مفتی کا لقب پانے والے عبد القوی تنازعات کی وجہ سے سوشل میڈیا کی زینت بنے رہتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اُن کی خواجہ سرا کے ساتھ ٹک ٹاک پر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے ماضی کی طرح اپنی صفائی بھی پیش کی تھی۔

دوسری جانب حالیہ ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے عبدالقوی کا کہنا تھا کہ خوشی کے موقع پر اس کا اظہارِ مسرت کرنے کی اسلام بھی اجازت دیتا ہے، محترمہ پورے لباس میں تھیں انہوں نے فن کا مظاہرہ کیا جس پر لوگوں نے پیسے نچھاور کیے، دلہا نے مجھے گڈی دی تو میں نے پانچ یا دس نوٹ نکال کر اپنی نشست پر بیٹھے بیٹھے اُن پر نچھاور کیے‘۔

ویڈیو دیکھیں

یاد رہے کہ مفتی عبدالقوی کی مرحوم ماڈل گرل قندیل بلوچ کے ساتھ ویڈیو منظرعام پر آئی تھی جس نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا تھا، جس کے بعد قندیل بلوچ کے بھائی نے انہیں غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا۔