کویت: ویزوں اور اقاموں کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا

کویت سٹی: کویت میں ویزوں اور اقاموں کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا ہے۔

روزنامہ الجریدہ کے مطابق نائب وزیراعظم، وزیر داخلہ اور قائم مقام وزیر دفاع شیخ طلال الخالد الصباح کی جانب سے قائم کردہ سیکیورٹی کمیٹی نے گزشتہ عرصے کے دوران اقامتی امور کے شعبے ہیر پھیر کا پتہ لگایا۔

جس میں الجہرہ ریذیڈنسی ڈپارٹمنٹ کے چار سو افراد کا جعلی ریکارڈ بھی شامل ہے۔

حکام نے واضح کیا کہ اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی نے وزارت کے ڈاک ٹکٹوں کے غبن اور لین دین کے معاملات کا پردہ فاش کیا جو کمپیوٹرائز کئے گئے تھے تاہم انتظامیہ کے پاس ان کا کوئی ریکارڈ نہ تھا۔

کمیٹی نے جہرا ریزیڈنس ڈپارٹمنٹ کی ایک خاتون ملازمہ کی موجودگی کا بھی انکشاف کیا جس کے پاس گھر نہ ہونے کے باوجود اس کے نام پر رجسٹرڈ سات مردوں کے رہائشی اجازت نامے تھے۔

اسی طرح ایک اور خاتون ملازمہ نے اپنے نام پر پانچ ڈرائیور رجسٹرڈ کرائے ہیں، حالانکہ وہ ایک شہری سے شادی شدہ ہے اور اسے اپنے نام سے ورک ویزا جاری کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

کمیٹی نے دریافت کیا کہ ایک خلیجی شہری نے اپنے نام پر سات بنگلہ دیشی تارکین وطن کا اندراج کیا ہے، اور ان کی فیس جمع نہیں کرائی۔

اس کے علاوہ کمیٹی نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ مختلف قومیتوں کے تارکین وطن کے وزٹ ویزوں کے ساتھ ساتھ تجارتی وزٹ ویزوں میں بھی توسیع دی گئی۔

ذرائع نے تصدیق کی کہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ فرسٹ ڈپٹی پرائم منسٹر کو پیش کی کہ وہ بیس ملازمین بشمول مختلف رینک کے افسران کو تمام غیر قانونی طور پر مکمل ہونے والے لین دین کے دستاویزی ہونے کے بعد جہرا ریذیڈنسی ڈپارٹمنٹ میں تفتیشی حکام کے حوالے کریں۔