امریکی اسکول میں فائرنگ سے ہلاکتیں

امریکا کی ریاست جارجیا کے ہائی اسکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیاہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیروکاؤنٹی کے ہائی اسکول میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے اسکول کی عمارت کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور کسی کو آنے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

خبر رساں ادارے MSNBC نے بدھ کو قانون نافذ کرنے والے ایک نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جارجیا کے ونڈر کے اپالاچی ہائی اسکول میں دو افراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ صدر جو بائیڈن کو واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور امریکی انٹیلی جنس ایجنسی ایف بی آئی نے کہا کہ اس نے افسران کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا ہے۔

شیرف کے دفتر نے کہا کہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے اور خبر رساں ادارے رائٹرز نے اطلاع دی ہے کہ اسکول ڈسٹرکٹ کے ترجمان نے کہا کہ صورتحال اب قابو میں ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے زخمیوں کو نکالنے کے لیے ایک ہیلی کاپٹر کے اترتے ہوئے دیکھا ہے۔