لاہور : تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں تبدیلی کے حوالے سے طلبا کے لیے بڑی خبر آگئی ، اب اسکول کب کھلیں گے؟
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تعلیمی اداروں کے کھلنے کے معاملے پر بڑی پیش رفت ہوئی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے اسکولز کی چھٹیاں بڑھانے کے فیصلے میں تبدیلی کردی گئی۔
اس حوالے سے وزیرتعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ نویں، دسویں جماعت کے طلبا کیلئےاسکولز 18 اگست سے کھلیں گے جبکہ او لیولز، اے لیولز کی کلاسز بھی 18 اگست سے شروع ہوں گی۔
وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ انٹرمیڈیٹ کلاسز کا آغاز بھی 18 اگست سے ہوگا، جبکہ پہلی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز یکم ستمبر سے شروع ہوں گی۔
انھوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں دونوں پر لاگو ہوگا اور اسکول کھولنے کے شیڈول میں تبدیلی تعلیمی ماہرین سے مشاورت کے بعد کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں : اسکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ کیوں کیا؟ وزیر تعلیم نے وجہ بتادی
یاد رہے اس سے قبل پنجاب میں تمام اسکولوں کی گرمیوں کی تعطیلات 31 اگست تک بڑھا دی تھیں۔ تاہم، اس اقدام کو پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جس میں کہا گیا تھا کہ توسیع شدہ بندش سے تعلیمی کیلنڈر متاثر ہوگا اور امتحان کی تیاری متاثر ہوگی۔
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے گرمیوں کی تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اسے غیر ضروری اور طلباء کی تعلیم کے لیے نقصان دہ قرار دیا تھا۔