اسلام آباد : سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹرمحمد بن عبد الکریم العیسیٰ پاکستان پہنچ گئے، وہ عید الفطراسلام آباد کے یتیم بچوں کیساتھ منائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹرمحمد بن عبد الکریم العیسیٰ نو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، سینیٹرطلحہ محمود، سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاالرحمان بھی اس موقع پرموجود تھے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے بتایا سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی عید الفطر کی نماز فیصل مسجد اسلام آبادمیں پڑھائیں گے اور عید الفطراسلام آباد کے آرفن سینٹر کے یتیم بچوں کیساتھ منائیں گے۔
دورے کے دوران معزز مہمان ملک کی اعلیٰ ترین شخصیات سے ملاقاتیں اور تقاریب میں شرکت کریں گے، ملاقاتوں اور تقاریب میں وفاقی وزیرچوہدری سالک حسین بھی ڈاکٹر عیسیٰ کے ہمراہ ہوں گے۔
ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کو 2022ء کے حج کے موقع پر خطبہ دینےکا اعزاز حاصل ہے۔