پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ

لاہور (17 جولائی 2025): صوبہ پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور اس سلسلے میں محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور اس سلسلے میں محکمہ داخلہ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

صوبے بھر میں دفعہ 144 حالیہ طوفانی بارشوں اور شدید مون سون کے باعث لگائی گئی ہے اور اس کے تحت عائد کی جانے والی تمام پابندیوں کا اطلاق 30 اگست تک ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں ہر قسم کی تیراکی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شہری گلیوں، سڑکوں، کھلی جگہوں یا عوامی مقامات پر جمع شدہ پانی میں بھی نہیں نہا سکیں گے۔

دفعہ 144 کے تحت ڈیموں، دریاؤں، نہروں، جھیلوں اور ڈسٹری بیوٹرز میں پیشگی اجازت کے بغیر کشتی رانی پر بھی پابندی ہوگی۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ پابندی موسمی حالات کے تناظر میں قیمتی جانوں کی حفاظت کے لیے لگائی گئی ہے۔ عوامی آگہی کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کی بھرپور تشہر کی جائے۔

واضح رہے کہ پنجاب میں مون سون زور وشور سے جاری ہے اور 36 گھنٹوں کے تباہ کن بارش کے اسپیل میں خواتین اور بچوں سمیت 63 اموات جب کہ 290 زخمی ہوچکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں سے اب تک 103 شہری جاں بحق اور 393 زخمی ہوئے جبکہ بارشوں کے باعث 128 مکانات متاثر اور 6 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔

https://urdu.arynews.tv/devastating-rainfall-paralyzes-life-claim-63-lives-in-punjab/