محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے میں دفعہ 144 نافذ کردی

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر صوبے میں دفعہ 144 نافذ کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے صوبے بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ 12 فروری تک کیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ امن کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے دفعہ 144 لگائی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر میں 8 فروری کو الیکشن کا انعقاد کیا جارہا ہے، الیکشن کے دوران سیکیورٹی خدشات، خطرات کی اطلاعات ہیں۔

الیکشن کے دوران صوبے بھر میں امن کو خطرات لاحق ہیں، سیاسی جماعتیں صوبے بھر میں جلسے، جلوس اور کارنر میٹنگز کررہی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خدشہ ہے کہ دہشت گرد عوامی اجتماعات کو نشانہ بناسکتے ہیں۔