ورلڈ کپ میں سیکیورٹی خدشات، پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کو خط لکھے گا

حکومت کو بھارت میں ورلڈ کپ میں ٹیم کی سیکیورٹی پر خدشات برقرار ہیں اور پی سی بی اس حوالے سے آئی سی سی کو خط میں لکھے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت پاکستان نے اکتوبر، نومبر میں بھارت میں ہونے والے ایک روزہ عالمی کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو شرکت کی اجازت تو دے دی ہے لیکن ’ہنوز دلی دور است‘ مثل کے مترادف قومی ٹیم کی سیکیورٹی پر حکومت کو خدشات برقرار ہیں اور اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ جلد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو احمد آباد میں شیڈول پاک بھارت میچ پر خط لکھ کر اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گا۔

حکومت نے پی سی بی حکام سے کہا ہے کہ وہ ایونٹ میں قومی ٹیم کی مکمل سیکیورٹی کے لیے آئی سی سی سے ضمانت لیں جس کے بعد ذرائع کے مطابق پی سی بی نے احمد آباد میں شیڈول ایونٹ کے سب سے بڑے مقابلے پاک بھارت ٹاکرے پر قومی ٹیم کو درپیش سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کرنے کے لیے خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی اپنے خط میں آئی سی سی کو خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے بتائے گا کہ احمد آباد کا نریندر مودہ اسٹیڈیم جس میں ایک لاکھ 32 ہزار تماشائی سما سکتے ہیں اور اگر یہاں پاکستان نے بھارت کو ہرا دیا تو کیا تماشائی مشتعل نہیں ہوں گے اور کیا اس وقت قومی ٹیم ایک لاکھ سے زائد تماشائیوں کے درمیان محفوظ ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنے خدشات کی بنیاد پر پاکستان آئی سی سی سے یہ میچ احمد آباد سے منتقل کرنے کی درخواست کرے گا اور اس پر آئندہ چند دن میں فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے جاری ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق پاک بھارت میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے تاہم اس روز ہندوؤں کا تہوار نوراتری ہے جس کی وجہ سے ریاستی پولیس اس میچ اور ٹیم کو سیکیورٹی دینے سے معذرت کر چکی ہے۔