سیکیورٹی خدشات، پشاور میں 2 نئے سرکل کے قیام کا فیصلہ

سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے لیے انتظامیہ نے ضلع پشاور میں 2 نئے سرکل کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کا سروے شروع کردیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا بالخصوص پشاور میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے انتظامیہ نے ضلع پشاور میں 2 نئے سرکل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے سروے بھی شروع کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ پشاور ضلع میں دو نئے سرکل قائم کرنے کے لیے ورسک چمکنی اور فقیر آباد قاضی کلے کی حدود کا سروے آخری مراحل میں ہے اور اس حوالے سے تجاویز جلد سینٹرل پولیس آفس ارسال کی جائیں گی۔

مزید 2 نئے سرکل کے قیام کے بعد پشاور ضلع میں پولیس کے 6 سرکل ہو جائیں گے اور ہر سرکل کی سربراہی ایس پی رینک کا افسر کرے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش دھماکے میں 80 سے زائد نمازی شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

پشاور دھماکا، اقوام متحدہ اور یورپی یونین کا پاکستان سے اظہار یکجہتی

خودکش دھماکے کے نتیجے میں مسجد کا ایک حصہ مکمل طور پر منہدم ہوگیا تھا۔ دنیا بھر سے اس واقعے کی شدید مذمت اور پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا گیا تھا۔