غزہ جنگ بندی، امریکی قرارداد پر سلامتی کونسل کا اجلاس شروع

غزہ جنگ بندی کے حوالے سے امریکا کی قرارداد پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس شروع ہو گیا۔

الجزیرہ کے مطابق امریکا کی پیش کی گئی جنگ بندی کی قرارداد پر آج ہی ووٹنگ کا عمل متوقع ہے۔ غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد کو روس سمیت دیگر ممالک کی حمایت حاصل ہے۔

امریکا نے سلامتی کونسل میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد گزشتہ روز جمع کروائی تھی۔

رپورٹس کے مطابق قرارداد میں حماس کی قید میں موجود اسرائیلی شہریوں کی رہائی کی ڈیل بھی شامل ہے، قرارداد امریکی وزیرخارجہ کے مشرق وسطیٰ کے دورے کے بعد پیش کی جارہی ہے، امریکی قرارداد کے مطابق جنگ بندی قیدیوں کی رہائی سے مشروط ہوگی۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ رفح پر اسرائیلی زمینی حملہ غلطی ہوگی۔

قاہرہ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بالکل واضح ہیں کہ رفح میں زمینی کارروائی ایک غلطی ہوگی اور ہم اس کی حمایت نہیں کر سکتے وہاں بے گھر ہونے والوں کے پاس جانے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، اور حملہ ایک انسانی تباہی کا باعث بنے گا۔