راولپنڈی: ژوب میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ میجر اور جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے جبکہ میجر سید علی رضا شاہ اور حوالدار نثار احمد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بہادر جوانوں کی قربانیوں کی مقروض ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ضربر میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا تھا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
ترجمان پاک فوج کا بتانا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی اداروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔