سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے چارمنگ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ کے علاقے چارمنگ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس میں چار دہشتگرد ہلاک جب کہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔
ہلاک دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے ہتھیار اور گولیاں برآمد کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلیے سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں کوہاٹ سے تعلق رکھنے والا سپاہی محمد شعیب بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہے۔
گوادر میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، ایک دہشتگرد ہلاک، 3 زخمی
واضح رہے کہ آج صبح گوادر میں بھی سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک جب کہ تین زخمی ہوگئے تھے۔