سیما حیدر کو بھارت میں فلم کی پیشکش

پاکستان سے بھارت فرار ہوکر پسند کی شادی کرنے والی سیما حیدر کو بالی ووڈ کے پروڈیوسر امیت جانی نے فلم کی پیشکش کر دی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سے بھارت فرار ہوکر پسند کی شادی کرنے والی سیما حیدر کے ساتھ ان کے شوہر سچن کو بھی فلموں کی آفرز موصول ہورہی ہیں، تاہم دونوں کی جانب سے فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

پاکستان سے فرار ہونے والی سیما حیدر اور سچن کی محبت کی کہانی کسی فلمی کہانی سے کم تو نہیں لیکن اب ممکن ہے کہ سیما حیدر اپنی حقیقی زندگی میں بھی ہیروئن کا کردار ادا کریں گی۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے پروڈیوسر امیت جانی نے کہا ہے کہ سیما اور سچن کی محبت سے متاثر ہوئے ہیں اور ان کی مالی مدد کیلئے انہیں فلم آفر کر رہے ہیں۔

سیما اور سچن کی محبت کی کہانی کے بھارت اور پاکستان کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی خوب چرچے ہورہے ہیں، جس کے باعث اس جوڑے کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی خاتون سیما حیدر پب جی گیم کے ذریعے بھارت کے رہائشی سچن کی محبت میں مبتلا ہوئی تھی، جس کے بعد اپنے 4 بچوں کے ہمراہ پاکستان سے دبئی اور پھر نیپال سے بھارت پہنچ گئی تھی۔