’پاکستان میں کوئی ہم سے شاپنگ کے پیسے نہیں لیتا تھا‘

سہواگ

سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ بھی پاکستانیوں کی مہمان نوازی کے معترف نکلے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ نے کہا کہ پاکستان میں سب یہی کہتے ہیں کہ آپ ہمارے مہمان ہیں ہم آپ سے پیسے کیسے لے سکتے ہیں، ہم سے کسی دکاندار نے شاپنگ کے پیسے نہیں لیے۔

انہوں نے کہا کہ 2004 میں پاکستان میں جہاں گئے بے حد پیار ملا، لاہور سے فیملی کے لیے 35 سوٹ خریدے جب ادائیگی کرنے لگا تو دکاندار نے پیسے لینے سے صاف انکار کردیا۔

وریندر سہواگ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت دو بھائی ہیں جو الگ الگ ہیں۔ لوگوں کی باتیں سن کر جذباتی ہوجاتے تھے اور آنکھوں میں آنسو آ جاتے تھے۔

واضح رہے کہ وریندر سہواگ کا شمار بھارت کے جارح مزاج بیٹر میں ہوتا تھا، انہوں نے 104 ٹیسٹ، 251 ون ڈے اور 19 ٹی 20 انٹرنیشنل میں بھارت کی نمائندگی کی اور بالترتیب 8588، 8273، 394 رنز بنائے۔