ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر سینیٹ الیکشن کا شیڈول جاری

ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر سینیٹ الیکشن کا شیڈول جاری

اسلام آباد (30 جولائی 2025): الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی سابق سینیٹر ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر سینیٹ الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی ایک خالی نشست پر ضمنی انتخابات کل 31 جولائی 2025 بروز جمعرات ہوں گے جس کیلیے صوبائی اسمبلی کے جرگہ ہال کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ خالی نشست پر مجموعی طور پر 9 امیدوار حصہ لیں گے، الیکشن خفیہ رائے شماری کے ذریعے منعقد ہوں گے، پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل لے جانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ الیکشن: خیبر پختونخوا سے منتخب آزاد سینیٹرز پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے

پی ٹی آئی نے مشال یوسفزئی کو خواتین کی نشست پر سینیٹ کا ٹکٹ جاری کیا ہے اور اس سلسلے میں چیئرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مشال یوسفزئی کو سینیٹ کا ٹکٹ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر جاری کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے پارٹی کے دیگر امیدواروں کو 30 جولائی تک دستبردار ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جن امیدواروں کو دستبردار ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ان میں ساجدہ بیگم، مومنہ باسط، سمیرا شمس، صائمہ خالد شامل ہیں۔

دوسری جانب مریم ریاض وٹو (بشریٰ بی بی کی بہن) نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بشریٰ بی بی نے مشال یوسفزئی کو کسی بھی عہدے کیلیے بشمول سینیٹ نشست، نامزد کرنے کی کوئی سفارش نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سو فیصد یقین سے کہہ سکتی ہوں کہ بشریٰ بی بی نے مشال یوسفزئی کی کسی بھی کردار کیلیے سفارش نہیں کی، مجھے نہیں معلوم کہ انہیں کس نے نامزد کیا۔