سینیٹ الیکشن: پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز اور اے این پی کا پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان

سینیٹ الیکشن: پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز اور اے این پی کا پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان

پشاور (17 جولائی 2025): پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے سینیٹ الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز محمود خان نے اعلان کیا کہ ہماری جماعت سینیٹ الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار طلحہ محمود کو ووٹ دے گی۔

سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بتایا کہ آج الیکشن کمیشن سے ملاقات کروں گا، ہمیں ایک سیٹ سے محروم کیا گیا اس پر بات ہوگی، ایم پی ایز سے ملاقات کے بعد باقی امیدواروں کو ووٹ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن بلامقابلہ ہونے کی راہ ہموار

واضح رہے کہ مخصوص نشستیں ملنے سے خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی تعداد 3 ہو جائے گی جبکہ اے این پی کے اراکین کی تعداد بھی 3 ہو جائے گی۔

دو روز قبل اے آر وائی نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپوزیشن جماعتوں کو سینیٹ الیکشن میں سولو فلائٹ سے گریز کا مشورہ دیا اور کہا کہ (ن) لیگ، جے یو آئی (ف)، اے این پی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز مل کر الیکشن لڑیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی نے کہا اپوزیشن جماعتوں کے انفرادی فیصلوں کا اجتماعی نقصان ہوگا، اتحاد نہ بننے پر کے پی سے ایک سینیٹ سیٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے تاہم صدر پی پی خیبرپختونخوا محمد علی شاہ باچہ کے اپوزیشن پارٹیز سے رابطے میں ہے، اپوزیشن جماعتوں نے مثبت رسپانس کا یقین دلایا۔

ذرائع کے مطابق پی پی صوبائی اسمبلی کے آزاد اراکین اور تمام جماعتوں سے ووٹ مانگے گی تو متحدہ اپوزیشن کے خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی 5 سیٹیں جیتنے کا امکان ہے۔