کے پی اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ مکمل ہوگئی، تمام ارکان نے ووٹ کاسٹ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی میں سینیٹ انتخابات کے لیے 145 ارکان نے حق رائے دہی استعمال کرلیا، وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے بھی ووٹ کاسٹ کردیا۔
سینیٹ کی گیارہ نشستوں کے لیے ایک سو پنتالیس ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا، کے پی اسمبلی کےجرگہ ہال کو الیکشن روم بنایا گیا۔
جنرل نشستوں پر مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور پیرنورالحق قادری پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں جبکہ خواتین کی نشست پر روبینہ ناز اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اعظم سواتی امیدوار ہیں۔
جنرل نشستوں پر مسلم لیگ ن کے نیاز احمد، پی پی پی کے طلحہٰ محمود اپوزیشن کے امیدوار ہیں جبکہ جے یو آئی ایف کے عطاء الحق بھی اپوزیشن کے امیدوار ہیں۔
خواتین کی نشست پر پیپلزپارٹی کی روبینہ خالد اپوزیشن کی امیدوار ہیں جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر جے یو آئی کے دلاور خان امیدوار ہیں۔
کے پی اسمبلی میں حکومتی ارکان کی تعداد بانوے جبکہ اپوزیشن کی تعداد 53 ہے، جنرل، ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی نشستوں پر 12 آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں جبکہ جنرل نشست پر ایک سینیٹر منتخب کرنے کے لیے انیس ووٹ درکار ہیں۔
خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کے دوران ہارس ٹریڈنگ سے بچنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن نے چھے اور پانچ نشستوں کا فارمولا طے کیا ہے۔فارمولے کے مطابق حکومت کے حصے میں چھے جبکہ اپوزیشن کے حصے میں پانچ نشستیں آئیں گی۔