بجلی صارفین سے 8 روپے فی یونٹ ٹیکس وصولی کا انکشاف

اسلام آباد: بجلی کے صارفین سے 8 روپے فی یونٹ ٹیکس وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ بجلی صارف 8 روپے فی یونٹ ٹیکس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ٹیکس مشینری ناکام ہوگئی اس لیے سارا بوجھ  پاورسیکٹر پر ہے، ایف بی آر نے پاور سیکٹر کو ٹیسک کلیکشن ایجنٹ بنادیا ہے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ بجلی کی طلب میں ساڑھے 8 فیصد کمی ہوچکی ہے، بجلی ترسیل کے مسائل سے سستی بجلی لوڈ سینٹرز تک لانے میں مسائل ہیں، ترسیلی مسائل سے سستی کے بجائے مہنگی بجلی استعمال کرنی پڑتی ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ پاور سیکٹر میں نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کا کردار بہت کمزور رہا، این ٹی ڈی سی کی تنظیم نو کررہے ہیں۔

سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ بجلی کی قیمت نے غریب کی زندگی مشکل کردی ہے، غریب بجلی استعمال کرے تب بھی مرتا ہے نہ کرے تب بھی، مہنگی بجلی سے مڈل کلاس بھی تنگ ہے۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ کتنی آئی پی پیز اب تک کتنا منافع لے چکی اس کی تفصیلات فراہم کریں۔