اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ ہاتھ سے پھسل چکا ہے، اب پارٹی کو کسی نئے بیانیے کے ساتھ انتخابات میں جانا ہوگا۔
امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں سینیٹر آصف کرمانی نے کہا کہ نواز شریف مصلحت پسند ہوگئے ہیں، بعض عناصر نواز شریف کے فیصلے تبدیل کرنے پر قدرت رکھتے ہیں، وہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھریک عدم اعتماد کے فوری بعد الیکشن چاہتے تھے۔
سینیتر آصف کرمانی نے کہا کہ جماعت میں موجود بعض عناصر نے الیکشن کا فیصلہ تبدیل کروا دیا، نواز شریف کی فیصلہ سازی میں دیگر عوامل بھی آگئے ہیں، مسلم لیگ میں ایک نیا ایڈیشن بھی آگیا ہے جو نواز شریف سے یہ فیصلے کروا رہا ہوگا۔
انٹرویو میں انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ اپنا تشخص کھو رہی ہے، سینئر رہنماؤں کے پارٹی معاملات پر تحفظات کو دور کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پی سے سیٹ ایڈجسمٹ پر سینئر ہنماؤں کو تحفظات ہیں، سیٹ ایڈجسمنٹ سے پرانے رہنماؤں اور کارکنوں کی حق تلفی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہر صورت 8 فروری کو الیکشن چاہتی ہے، اس کا منشور تاخیر کا شکار ہے اور مہم کے آغاز میں آ جانا چاہیے تھا، مریم نواز وزیر اعلیٰ ہوں گی یا نہیں ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔